وزیر اعظم نے کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دیدی

عدلیہ کو جج کی مبینہ ویڈیو کا نوٹس لینا چاہیے، وزیراعظم

فائل: فوٹو


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر مبنی جامع اور مفصل پروگرام ’وزیر اعظم کامیاب جوان پروگرام‘ کی اصولی منظوری دے دی جبکہ دوسری طرف سابقہ دور کے وزیراعظم یوتھ پروگرام کا آڈٹ کرانے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ گزشتہ دور حکومت کے تین سالوں میں یوتھ پروگرام میں ہیر پھیر کی شکایات سامنے آئیں جس کے بعد اس کے آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نواز شریف دور میں یوتھ پروگرام کے تحت اسمال بزنس قرضہ، یوتھ ٹریننگ پروگرام، لیپ ٹاپ پروگرام، بلا سود قرضے، ٹیوشن فیس اور اسکل ڈویلپمنٹ کے پروگرام شروع کیے گئے جن میں تین سالوں میں 68 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

وزیراعظم کی صدارت میں آج اہم اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے نوجوان عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں طلبہ کے لیے ایڈیشنل اسکالر شپ پروگرام بند

وزیراعظم نے پروگرام کی اصولی منظوری دیدی۔ اب یہ پروگرام کابینہ میں جائے گا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پروگرام کے تحت 150 ارب سے زائد کی رقم مختص کی جائے گی۔

معاون خصوصی محمد عثمان ڈار نے وزیر اعظم کو ’کامیاب جوان پروگرام‘ کے تحت نوجوانوں کی تعلیم، ہنر اور کاروبار کی فراہمی کی غرض سے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں کثیر رقوم خرچ کرنے کے باوجود بھی کوئی مربوط اور مناسب حکمت عملی نہ ہونے کے سبب نوجوانوں کے لئے شروع کیے جانے والے پروگراموں سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔

’کامیاب جوان پروگرام‘ کے تحت نوجوانوں کو روزگار، تعلیم کی فراہمی، کے علاوہ انہیں ہنر مند بنانے اور انکی تعمیری صلاحیتیوں کو مثبت طور پر برؤے کار لانے کے لئے مختلف پروگراموں کا اجراء کیا جائے گا۔

اسٹریٹیجک یوتھ ڈویلپمنٹ روڈمیپ کے تحت نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کیا جا چکا ہے۔ نوجوانوں کی ایک نیشنل یوتھ کونسل بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ وزیرِ اعظم یوتھ پلس پورٹل کی مدد سے نوجوانوں کی رائے حاصل کی جائے گی تاکہ ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کی آراء کو بھی شامل کیا جا سکے اور ان کی تجاویز کو مد نظر رکھ کر پالیسیاں بھی تشکیل دی جائیں۔

’کامیاب جوان پروگرام‘ کے تحت نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ انڈیکس مرتب کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: احساس پروگرام پر پالیسی بیان جاری کرکے خوشی ہوئی،وزیراعظم

پروگرام  کے تحت 40 سے زائد شعبہ جات کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ اس ضمن میں صوبائی اور وفاقی محکموں میں اشتراک کار کا عمل شروع کیا جا چکا ہے تاکہ ان شعبوں میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

’کامیاب جوان پروگرام‘ کے تحت شروع کیے جانے والے مختلف پروگرامز میں یوتھ اکنامک ڈویلپمنٹ ایمپاورمنٹ پروگرام، وزیرِ اعظم گرین یوتھ موومنٹ، پی ایم اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند پروگرام، کامیاب جوان ایمپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام جیسے منصوبے شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم اسٹارٹ اپ پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ گرین یوتھ موومنٹ میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیرِ اعظم کی جانب سے اصولی منظوری کے بعد پروگرام کو کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا جس کے بعد اس پروگرام کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں