مشکلات کے باوجود آئندہ بجٹ ’غریب دوست‘ ہوگا، صمصام بخاری

حکومت کا نیا بلدیاتی نظام بہت طاقتور ہو گا، صمصام بخاری

لاہور: پنجاب کے وزیراطلاعات و نشریات اور ثقافت سید صمصام علی بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ مشکلات کے باوجود موجودہ حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا آئندہ بجٹ ’غریب دوست‘ ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق نجی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انشا اللہ وطن عزیز کو ریاست مدینہ کی طرح بنا کردم لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت بے جا نمو د و نمائش پر یقین نہیں رکھتی ہے۔

پنجاب کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے مقابلے میں پانچ فیصد بھی تشہیر نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ موجودہ دور ذرائع ابلاغ کا ہے اور اس میں کوئی خامی یا کمی چھپی نہیں رہ سکتی ہے۔

سید صمصام علی بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے متعلق کہا کہ وہ ’ویژن‘ اور ’کمٹمنٹ‘ کے ساتھ کام کرر ہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متعارف کردہ نیا بلدیاتی نظام پنجاب میں بڑے پیما نے پرمثبت تبدیلیاں لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

ایک سوال پر پنجاب کے وزیراطلاعات و نشریات سید صمصام علی بخاری نے تسلیم کیا کہ مسائل کے انبار ہیں جنہیں حل کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں ایک جیسی ترقی کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر مسائل کا حل کئ خرابیوں کو دور کردے گا۔

پنجاب کے وزیراطلاعات و نشریات اور ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ موجودہ حکومت سفارش اور رشوت کے خاتمے کی سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔


متعلقہ خبریں