ملتان: جنوبی پنجاب میں ڈینگی بخار پھیلنے کا خطرہ

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 255 نئے کیسز رپورٹ

فوٹو: فائل


جنوبی پنجاب  کے مرکزی شہر ملتان سمیت اردو گرد کے علاقوں میں  ڈینگی مچھر سے جان لیوا بخار پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ کمشنر ملتان عمران سکندر نے ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں  چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ (سی ای او ہیلتھ) سمیت محکمہ صحت کے تمام افسران کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے ۔

کمشنر ملتان کی طرف سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیاہے کہ جنوبی پنجاب کے مرکزی شہر ملتان اورارد گرد کے علاقوں  میں  ڈینگی مُکاؤ مہم ناکام ہوگئی ہے اور اسی وجہ سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں ڈینگی بخار پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیاہے۔

کمشنر ملتان کی طرف سے کہا گیاہے کہ  سی ای او ہیلتھ سمیت تمام افسران کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے۔ سی ای اوہیلتھ کسی بھی ہیلتھ افسر کے ساتھ رابطے میں نہیں ہیں۔ اینٹی ڈینگی کمپین میں ہیتلھ انتظامیہ فیل ہو چکی ہے۔

یاد رہے رواں سال مارچ میں  اسپیشل برانچ نے بھی ملتان سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ڈینگی کے حملے کا خدشہ ظاہر  کیا تھا۔

اسپیشل برانچ نے اپنی رپورٹ میں ڈینگی سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی بھی سفارش کی جب کہ ڈینگی کے حوالے سے محکمہ صحت کے اقدامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ۔

اسپیشل برانچ کی رپورٹ کی روشنی میں ملتان سمیت پنجاب کے 5 شہروں میں ڈینگی الرٹ جاری کیا گیا تھا اوراسکی روک تھام کے لیے متعلقہ اضلاع کے محکمہ صحت کو بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

رپورٹ میں ہدایت کی گئی تھی کہ لاروا برآمد ہونے والے علاقوں میں اسپرے کیا جائے جب کہ گندگی اور کھڑے پانی کا نکاسی نظام بھی بنایا جائے۔

اسپیشل برانچ نے سرکاری اسپتالوں میں رپورٹ ہونے والے مریضوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ ملتان میں گزشتہ6 ماہ کے دوران 889 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔

اس سے قبل اسپیشل برانچ نے ڈینگی کنٹرول پروگرام سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی تھی اور لاہورمیں 10 ہزارسے زائد ڈینگی مچھر کی افزائش کے پوائنٹس نے سرویلنس ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں لاہور میں ڈینگی مچھر کی افزائش کے دس ہزار سے زائد مقامات

اسپیشل برانچ نے ڈینگی کی افزائش کی رپورٹ اور سفارشات متعلقہ حکام کو بھجوائی تھیں جس میں لاہور، راولپنڈی، ملتان، گجرانوالہ اور  شیخوپورہ میں ڈینگی بریڈنگ اسپاٹس کی نشاندہی کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 10 ہزار 662 پوائنٹس ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے آئیڈیل ہیں۔ راولپنڈی میں 5 ہزار 590  اور گجرانوالہ میں 11 سو 61 مقامات پر ڈینگی مچھر کی افزائش ہوسکتی ہے۔

اسی طرح ضلع ملتان میں 440 اور ضلع شیخوپورہ میں 238 مقامات ڈینگی کی افزائش کے لیے آئیڈیل ہیں۔ؤ


متعلقہ خبریں