مریضوں کی سچی ’کہانیاں‘ سن کر ظفر مرزا کا دل خراب ہوگیا

مریضوں کی سچی ’کہانیاں‘ سن کر ظفر مرزا کا دل خراب ہوگیا

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا اسپتال میں داخل مریضوں کی سچی ’کہانیاں‘ سن کر دل خراب ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اچانک پمز اسپتال اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وہ پروٹوکول اور سیکیورٹی کے بغیر اسپتال پہنچے اور مختلف وارڈوں میں گئے جہاں انہوں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے صورتحال کے متعلق بات بھی کی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے تسلیم کیا کہ ہمیں یہاں کافی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اسپتال کے دورے کے اختتام پر اعتراف کیا کہ ایمرجنسی کے حالات بھی اچھے نہیں ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ او پی ڈی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسٹاف کی کمی کو بھی پورا کرنے کی ضرورت ہے۔

پمز اسپتال کے مختف وارڈوں کے دورے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ کافی سیکشنز کے چکر لگا کر مریضوں سے بات کی ہے اور ان کی کہانیاں سن کر بہت دل خراب ہوا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی وجہ سے رش کافی کم تھا وگرنہ سنا یہی ہے کہ تین گنا زیادہ رش ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی کوشش ہے کہ موجودہ وسائل میں مریضوں کو بہترین سہولیات مہیا کی جائیں اور ان کا زیادہ بہتر خیال رکھا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے امید ظاہر کی کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں پمز کی صورتحال میں بہتری پیدا ہو جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل پہلے وزیر صحت عامر کیانی نے بھی متعدد مرتبہ پمز اسپتال کے اچانک دورے کیے تھے اور ہر مرتبہ انہوں نے بہتری کی نوید بھی سنائی تھی مگر تاحال اسپتال کی انتظامیہ کے رویے میں نہ تو بدلاؤ آیا ہے اور نہ ہی وہاں مریضوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک میں کوئی تبدیلی آئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں