مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے خلاف درخواست کی سماعت 27مئی کو ہو گی

میاں نوازشریف جلد گھر ہوں گے،مریم نواز کا ٹویٹ

الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے خلاف درخواست کی سماعت مقرر کردی ہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سےدرخواست گزار  تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کونوٹسز موصول ہوگئے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان 27 مئی کو صبح 10 بجے سماعت کرے گا۔

مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے کےمسلم لیگ نواز کے فیصلے کیخلاف باضابطہ درخواست 7مئی کو دائر کی گئی تھی ۔ درخواست تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے اراکین قومی اسمبلی بیرسٹر ملائکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر آہیر اور کنول شوذب کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے ن لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ درخواست میں ان تمام قانونی بنیادوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن کی رو سے مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں۔

پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی مفصل ذکر موجود ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا۔ پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا،سیاسی جماعتوں کا پورے سیاسی نظام پر اثررسوخ ہوتا ہے۔

درخواست میں کہا گیاہے کہ پارٹی صدر کی عدم دستیابی پر مریم نواز قائمقام صدر کے اختیارات استعمال کرینگی۔ کیسے ممکن ہے اراکین اسمبلی آرٹیکل 62 ، 63 پر پورا اتریں اور انہیں کنٹرول کرنے والے نہیں؟
پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ نوازشریف کو بھی پارٹی عہدے کیلئے نااہل قرار دے چکی ہے۔ مریم نواز کو عہدہ رکھنے کی اجازت دینا نوازشریف کو اجازت دینے کے مترادف ہے۔

استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن مریم نواز کی بطور پارٹی نائب صدر تعیناتی کالعدم قرار دے۔

یہ بھی پڑھیے: مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے کیخلاف درخواست دائر


متعلقہ خبریں