بلاول بھٹو سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کی ملاقات ہوئی ہے۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں خطے کی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث رہے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا معاملہ بھی ملاقات میں زیر غور آیا۔

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاک ایران تعلقات میں بہتری پر زور دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ برادر ہمسایہ ملک ایران سے پاکستان کے بہترین تجارتی وسفارتی تعلقات ناگزیر ہیں۔

ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری اور بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفے نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔

ایرانی سفیر کی بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کو امریکہ کی طرف سے لگائی جانے والی پابندی کے بعد  عالمی سطح پر شدید معاشی وسیاسی دباؤکا سامناہے ۔

دوسری طرف چند روز قبل  پاکستان نے بھی ایران پر عالمی پابندیوں کو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کی تکمیل میں رکاوٹ قرار دے دیاتھا۔

ہم نیوز کی خبر کے مطابق پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر پاکستان نے ایران کو خط کا جواب بھجوا دیا۔ ایران کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کا جواب وزارت پٹرولیم نے دیا۔

ذرائع کے مطابق ایران نے 28 فروری 2019 کو منصوبہ مکمل کرنے کے لیے پاکستان کو نوٹس بھجوایا تھا تاہم پاکستان کی جانب سے ایران کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایران پرعالمی پابندیاں منصوبہ کی تکمیل میں رکاوٹ ہیں جبکہ پابندیاں ختم ہونے پرمنصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے:’پاک-ایران گیس پائپ پائن منصوبے کی راہ میں عالمی پابندیاں مسئلہ‘

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر11مئی کو لکھا تھا کہ  حکومت ایک بار پھر عالمی دباؤ کے آگے جھک گئی ہے اور اب وفاقی حکومت پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل نہیں کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے ایران پر عالمی پابندیوں کے باوجود ایران سے گیس پائپ لائن کا منصوبہ شروع کیا تھا۔


متعلقہ خبریں