مشتری ہشیار: حکومت نے سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا

مشتری ہشیار: حکومت نے سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے آنے والے وقتوں میں سیلاب کے خدشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ امسال گلگت بلتستان میں گزشتہ سالوں کی نسبت 40 فیصد سے زائد بارشیں اور برفباری ہوئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس ضمن میں تمام اقدامات اٹھانے کے احکامات دے دیے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بڑا مسئلہ ششپر گلیشیئر کا ہے جس کی مانیٹرنگ باقاعدہ وزیراعظم کی ٹیم کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے گرین رکشہ اسکیم تیار کرنےکی کوشش کی جا رہی ہے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے بھی مختلف بینکوں سے بات چیت کررہے ہیں۔

ملک امین اسلم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہورمیں اسموگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے قائم کمیٹی میں آج ہی بات ہوئی ہے اور جو تجاویز تھیں ان پرغوروخوص بھی کیا گیا ہے۔

اسموگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال فصلوں کے بھوسے کو آگ لگانے پر پابندی عائد کی تھی، امسال بھی یہ فیصلہ ہے مگر اس مرتبہ ہم یہ بھوسہ خریدیں گے اور فیکٹریوں کو فراہم کریں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات نے واضح کیا کہ لاہور میں اسموگ کی بڑی وجہ گاڑیوں سے پیدا ہونے والا دھواں ہے۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں سات فیصد ممالک الیکٹرک گاڑیاں استعمال کررہے ہیں لیکن ہم آج تک اس سے باہر تھے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ لیکن اب ایسا نہیں ہے کیونکہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2030 تک 30 فیصد گاڑیاں ہم بھی  الیکٹرک کی طرف لے کر جائیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اس حوالے سے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے تیل کی درآمدات پر آنے والے اخراجات میں کمی آئے گی اور کم از کم دو ارب  روپے کے تیل کی بچت بھی ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے آنے سے نئی اکانومی پیدا ہوگی، ہم الیکٹرک وہیکل کے درآمد کنندہ بن سکیں گے اور ملک میں گیس کی قلت کے باعث بند پڑے گیس اسٹیشنوں کو چارجنگ اسٹیشنز میں تبدیل کردیں گے۔


متعلقہ خبریں