’پہلے ہی کہا تھا حکومت بچوں کا کھیل نہیں’



اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے حکمراں جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی ٹیم ناکام ہوگئی اور ملک میں مہنگائی کا ایک طوفان ہے ہم نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت کرنا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس کے بعد قمر زمان کائرہ نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے پہلے بجلی، گیس کی قیمتوں اور مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ فاٹا کے بل پر پیپلزپارٹی کا موقف بہت واضح ہے ہم فاٹا کے عوام کی خواہشات کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کو آصف زرداری کی بیماری کا تمسخر اڑانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

قبل ازیں پیپلزپارٹی کے اجلاس میں حکومت مخالف تحریک شروع کرنے اور اس سلسلے میں دیگر جماعتوں سے رابطے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نیر بخاری، مصطفی نواز کھوکھر، رحمان ملک، نوید قمر، قمرالزمان کائرہ اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔

آصف علی زرداری کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پارٹی رہنماؤں کی طرف سے چیئرمین نیب کے ریمارکس پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ سابق صدر نے کہا کہ نیب کی طرف سے پیپلز پارٹی کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اس بارے میں ہمارے  خدشات درست ثابت ہوئے ہیں۔

اجلاس میں مہنگائی، ڈالر کی قیمت، آئی ایم ایف معاہدے اور ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔


متعلقہ خبریں