انضمام الحق ٹیم کیساتھ غیرملکی دوروں پرکیوں جاتے ہیں؟

انضمام الحق ٹیم کیساتھ غیرملکی دوروں پرکیوں جاتے ہیں؟

فائل فوٹو


اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے جواب طلب کیا ہے کہ  قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضام الحق ہرغیر ملکی دورے میں اسکواڈ کے ساتھ کیوں جاتے ہیں؟

آغا حسن بلوچ کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا جس میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او) سبحان احمد نے سوالوں کے جواب دیے۔

سبحان احمد نے انضمام الحق کے ٹیم کے ساتھ بیرون ملک دوروں کا معاملہ چیئرمین پی سی بی کے نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کرائی۔

کمیٹی نے پی سی بی گورننگ بورڈ ارکان کی معطلی پرسوال اٹھائے اور جواب طلب کیا کہ شاہد آفریدی کے انکشافات پرکیا ایکشن لیا گیا؟

سی او او پی سی بی نے کمیٹی کو بتایا کہ ادارے کے گورننگ ممبر نعمان بٹ کو ابھی معطل نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت گورننگ بورڈ کا کوئی رکن پی سی بی پرتنقید نہیں کرسکتا۔

کمیٹی کے رکن اقبال محمد علی کی طرف سے وسیم خان کو دہری شہریت کے باوجود ایم ڈی پی سی بی بنانے کے سوال پرسبحان احمد نے بتایا کہ بورڈ کے آئین میں دہری شہریت کے حوالے سے کوئی قدغن نہیں سابق بالر وقاریونس اور اظہر محمود سمیت دیگر کھلاڑی بھی دہری شہریت کے باوجود ذمہ داریاں سنھبالتے رہے ہیں۔

اقبال محمد علی نے کہا کہ جب دہری شہریت رکھنے والا رکن پارلیمنٹ نہیں بن سکتا تو پی سی بی کا ایم ڈی بھی نہیں بننا چاہیے۔

جمعے کو ہونے والےاجلاس کے دوران قومی کھیل ہاکی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔  کمیٹی نے ہاکی فیڈریشن کو 5سال میں ملنے والے فنڈز، آڈیر جنرل اور ٹیم کی کارکردگی پرمبنی رپورٹ طلب کی ہے۔

وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں فیڈریشنز کو محدود فنڈز ہی جاری کرسکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں