2024 تک توانائی، مواصلات کے شعبوں میں کیا انقلاب آنے والا ہے؟


صرف پانچ دن میں زمین کو جسقدر توانائی سورج فراہم کرتا ہے وہ پوری دنیا کے معلوم شدہ تیل، کوئلہ اور قدرتی گیس کے معلوم ذخائر سے زیادہ ہے۔ اگر کسی طریقے سے سورج سے فراہم ہونے والی توانائی کو صرف ایک فیصد بھی قابو میں کیا جا سکے تو یہ ہماری پوری توانائی کی ضروریات کے لیے کافی ہوگا۔

انسان اب تیزی سے قابل تجدید (رینیو ایبل) توانائی کی طرف رخ کر رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اگلے 30 سالوں میں پوری دنیا 100 فیصد قابل تجدید توانائی استعمال کر رہی ہو گی۔

گزشتہ 40 برسوں میں شمسی آلات کی قیمتوں میں 250 گنا کمی واقع ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

توانائی کے ساتھ ساتھ مواصلات کا شعبہ بھی انقلابی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے۔ اگلے پانچ برسوں میں اس شعبے میں بھی بڑی تبدیلیاں واقع ہوں گی۔ اگر دیکھا جائے تو پانچ ایسے شعبے ہیں جو بہت بڑی تبدیلیوں سے گزر رہے ہیں اور 2024 تک انسانی زندگی کا معمول بن جائیں گے۔

1۔ خود کار گاڑیاں

بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیاں روز بروز اپنی جگہ بنا رہی ہیں اور ان میں تیزی سے بہتری لائی جا رہی ہے۔ بہت سی کمپنیاں اس شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ اگلے پانچ برسوں میں یہ گاڑیاں پوری دنیا کی سڑکوں پر دوڑ رہی ہوں گی۔

2۔ سامان کی ترسیل کے لیے ڈرون کا استعمال

امریکہ اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں سامان ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے لیے ڈرون کا استعمال تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ ونگ پہلی کمپنی ہے جسے امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ڈرون کے ذریعے سامان کی ترسیل کی اجازت دی ہے۔ بہت جلد یہ ٹیکنالوجی بھی زندگی کا عام معمول بن جائے گی۔

3۔ قابل تجدید توانائی کا پھیلاؤ

جی 20 ممالک میں فوسل سے حاصل ہونے والی اور قابل تجدید توانائی کے اخراجات میں کوئی فرق باقی نہیں رہ گیا۔ اگلے پانچ برسوں میں شمسی توانائی کا فی کلو واٹ خرچہ صرف ایک سینٹ رہ جائے گا جس کے باعث یہ فوسل کے ذریعے حاصل ہونے والی توانائی سے بہت کم خرچ پر میسر ہو گی۔

4۔ بجلی سے چلنے والی گاڑیاں

بیٹریوں کے مسلسل سستا ہونے کی وجہ سے بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ 2024 تک ایک بہت بڑی تعداد میں گاڑیاں بیٹریوں پر چل رہی ہوں گی۔

5۔ سالڈ اسٹیٹ بیٹریاں

لتھیم سے بنی بیٹریوں نے اب تک دنیا پر حکمرانی کی ہے تاہم اب سالڈ اسٹیٹ بیٹریوں کا دور شروع ہو رہا ہے۔ کاریں بنانے والی تمام بڑی کمپنیاں نئی ٹیکنالوجی کی بیٹریوں کی طرف جا رہی ہیں جن کی اسٹوریج کی صلاحیت بہت زیادہ ہے۔ 2024 تک اس نئی ٹیکنالوجی کے باعث یہ بیٹریاں توانائی کے حصول کا سستا، صاف اور مقبول ذریعہ بن جائیں گی۔


متعلقہ خبریں