نیب: مہلت کی درخواست منظور، بلاول 24 مئی کو طلب


راولپنڈی: قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مہلت کی درخواست منظور کرلی ہے اور انہیں 24 مئی کو طلب کیا گیا ہے۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو کو 24 مئی کو طلب کرلیا ہے، چئیرمین پیپلز پارٹی نے مہلت کی درخواست دی تھی جسے منظورکر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وہ مصروفیات کی وجہ سے آج پیش نہیں ہوسکتے اور ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

نیب نے بلاول بھٹو کی درخواست منظور کرتے ہوئے  انہیں دوبارہ 24 مئی کو طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے نیب نے بلاول کو پارکلین کیس میں آج طلب کیا تھا تاہم  بلاول بھٹو نے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ 17 مئی کو پیش نہیں ہوں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بذریعہ خط نیب کو مطلع کیا تھا کہ طلبی کا نوٹس تاخیر سے وصول ہوا لہـذا 17 مئی کو پیش ہونا ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول ایک بار پھر نیب راولپنڈی طلب

سندھ حکومت کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے بتایا تھا کہ طلبی کا سمن آٹھ مئی کو جاری ہوا لیکن ہمیں 13 مئی کو ملا لہذا 17مئی کو بلاول بھٹو مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

قبل ازیں 20مار چ کو بھی بلاول اپنے والد آصف علی زرداری کے ہمراہ  نیب کو بیان ریکارڈ کراچکے ہیں جہاں ان سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق صدر سے پارک لین کمپنی سمیت دو کیسز سے متعلق مختلف سوالات پوچھے گئے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارک لین کمپنی ان کی پیدائش سے پہلے قائم ہوئی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ مذکورہ کیس میں نامزد ملزم سلیم فیصل وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں اور انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ پارک لین کمپنی میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو 25،25 فیصد کے شراکت دار ہیں۔

نیب کو شبہ ہے کہ مذکورہ کیس میں اربوں روپے کی ترسیلات زر جعلی بینک اکاؤنٹس سے کی گئی ہیں اور 2008 میں کمپنی کی دستاویز پر آصف علی زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط  بھی موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں