قمر زمان کائرہ کے گھر تعزیت کیلئے سیاسی شخصیات کی آمد



لالہ موسیٰ:  پاکستان پیپلز پارٹی  سینڑل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ کے صاحبزادے کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ان سے تعزیت کے لیے انکی رہائش گاہ ’’کائرہ ہاؤس‘‘ میں  سیاسی شخصیات اور کارکنوں کی آمد ہوئی۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق  ہونے والے اسامہ قمر اور اسکے دوست حمزہ بٹ کی نماز جنازہ آج  سوا 3 بجے ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ لالہ موسی ہی میں  جی ٹی روڈ سے ملحقہ لنک اسکول کے گراونڈ میں ادا کی گئی۔

سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ، یوسف رضاگیلانی، راجہ پرویزاشرف، اعتزاز احسن، خورشید شاہ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، نثار کھوڑو، وقار مہدی، راشد ربانی، جام مہتاب ڈہر، مصطفی نواز کھوکھر، زمرد خان، اورنگزیب مری بھی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے لالہ موسی پہنچے ۔

شیخ رشید احمد ، صمصام بخاری ، غلام سرور خان ، حنیف عباسی ، راجہ ذوالقرنین، ندیم افضل چن  اور دیگر سیاسی رہنماؤں سمیت اہل علاقہ نے کثیر تعدادمیں نماز جنازہ میں شرکت کی۔

قمر زمان کائرہ کے صاحبزادے کی نماز جنازہ میں آصف زرداری ، بلاول بھٹو اور شیخ رشید ایک ہی صف میں ساتھ ساتھ دکھائی دیے۔

اسامہ قمر کی قل خوانی  کل بروز اتوار کو کائرہ ہاؤس لالہ موسی میں  ہوگی اور اختتامی دعا 11بجے کی جائیگی۔

یاد رہے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اورانکے دوست لالہ موسیٰ کے قریب گاڑی کے حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

اسامہ قمر اپنے دوستوں کے ہمراہ  لاہور سے لالہ موسی آ رہے تھےکہ  تیزرفتاری کے باعث گاڑی درخت سے جا ٹکرائی، ان کا ایک دوست حمزہ بٹ بھی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا زخمی ہے جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جواں سالہ بیٹے کے صدمے سے دوچار والدین کے لیے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے اندوہناک حادثے کے بعد ایک دن کے لیے پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان بھی کیا ہے ۔

بلاول بھٹو نے قمرزمان کائرہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جواں سال بیٹے کے انتقال کی اندوہناک خبر سن کر انہیں شدید صدمہ ہوا ہے، وہ خدا سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہیں۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ اسامہ کائرہ کی حادثہ میں وفات پر دلی افسوس ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اللہ تعالی غمزدہ والدین کو حوصلہ و صبر کے ساتھ اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یہ خبر سن کر دلی رنج اور افسوس ہوا ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالی قمر زمان کائرہ اور ان کے تمام اہلخانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

یہ بھی پڑھیے: قمر زمان کائرہ کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق


متعلقہ خبریں