نوجوان وزیر مراد سعید کا ایک اور بڑا اعلان



اسلام آباد:سیاحت کے شوقین پاکستانیوں کے لئے اچھی خبرسامنے آئی ہے، اب  سیرو تفریح کے دوران انہیں نجی ہوٹلز کو مہنگے کرائے کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی کیونکہ وزارت پوسٹل سروسز کے ملک بھر میں قائم ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلے کھول دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرمواصلات  مراد سعید کی ہدایت پر وزارت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے ۔

وزارت پوسٹل سروسز (ڈاکخانہ جات) کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق شہری ملک بھر میں موجود  تفریحی مقامات کی سیر کے دوران  وزارت پوسٹل سروسز کےسرکاری ریسٹ ہاوسز میں قیام کر سکیں گے۔

وزارت پوسٹل سروسز کے اس اہم اقدام کے بعد سیاحوں اور مسافرحضرات  کو سفر کے دوران مہنگے ہوٹلز میں قیام کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وہ انتہائی کم معاوضے پر خوبصورت اور دلکش ریسٹ ہاؤسز میں  قیام کرسکیں گے ۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف متعلقہ وزارت میں تعینات لوگوں کو حاصل تھی۔

وزارت پوسٹل سروسز کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید کی ہدایت پر کراچی سے مری تک تمام ریسٹ ہاؤسز کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔

وزارت پوسٹل سروسز کے ریسٹ ہاؤسز مری ،ایوبیہ، گلیات، سوات،  گلگت اور مظفر آباد کی حسین وادیوں میں موجود ہیں اور سیاحوں کی آمد کے منتظر ہیں۔

اسی طرح  ملک کے چاروں صوبوں کے دارالحکومتوں لاہور، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ میں بھی سرکاری قیام گاہوں کی تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  سیاح اور مسافر  کم سے کم 1200 اور زیادہ سے زیادہ 3000 روپےادا کرکے ان ریسٹ ہاؤسز  میں قیام کر سکیں گے۔

وزارت پوسٹل سروسز کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملکی وسائل کے بہتر استعمال اور عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے ۔ اس اہم اقدام سے حکومتی آمدن میں اضافہ اور عوام کے اخراجات میں کمی ممکن ہو سکے گی۔

وزارت کے مطابق انکے ریسٹ ہاؤسز کہاں کہاں موجود ہیں ،یہ  معلومات پاکستان پوسٹ کی ویب سائٹ پر ڈال دی گئی ہیں۔ شہری پاکستان پوسٹ کی  موبائل ایپ سے بھی ریسٹ ہاؤسز کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں