ساری اپوزیشن ایک گھنٹے کے اندر ختم ہوسکتی ہے، شیخ رشید



وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے اگر عمران خان انہیں( اپوزیشن والوں کو) باہر جانے دے  تو ایک گھنٹے کے اندر ساری اپوزیشن ختم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارے چور اکٹھے ہورہے ہیں اور انہوں نے رمضان کے بعد نکلنے کا اعلان بھی کردیاہے مگر یہ نکلے تو انہیں لگ پتہ جائیگا۔

لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی بڑھی ہم مانتے ہیں ،لیکن یہ انکا گند ہے جو انہوں نے قالین کے نیچے چھپا کر رکھا تھا۔

شیخ رشید نے سوال اٹھایا کہ مہنگائی کےذمہ دار 40 سال کےڈکیت ہیں یا 9 ماہ کےحکمران؟ عمران خان فرنٹ فٹ پر چوروں کا مقابلہ  کررہے ہیں۔ قوم کے مسائل بھی حل کررہے ہیں لیکن مسائل دشوار ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ان لوگوں کوتوچھٹی والےدن بھی ضمانت مل جاتی ہے،ہم چاہتےتوان کےکچرےپرڈبہ رکھ سکتےتھےلیکن ہم صفائی کررہےہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے بولاتھا کہ شہباز شریف این آر او لے رہے ہیں ،اب آصف زرداری بھی اسی لائن میں لگے ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے دلچسپ جواب دیا اور کہا کہ 2دلوں کی پاکیزہ محبت کے درمیان لاہوریےقیدو بن گئے ہیں۔ بلاول نے ان سے صلح کر لی، لاہوریےجلتے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ستر سال کی تجاوزات مجھے جہیز میں ملی ہیں جسے ایک ماہ میں ختم کرنے کا ٹارگٹ ملا ہے۔ ایک عدالت سے نکلتے ہیں دوسری عدالت میں چلے جاتے ہیں،ہفتہ میں ایک روز کیبنیٹ میٹنگ میں گزر جاتا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے خلاف کیا سازش ہونی ہے یہ انٹرنیشنل سازش ہے کہ ریلوے سی پیک میں نہ جائے۔دنیا کی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ گوادر تک ریل کی پٹڑی لیکر جائیں اور پاکستان کے چین کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں۔

یہ بھی پڑھیے:ڈالر کا ریٹ نواز شریف اور آصف زرداری کی وجہ سے بڑھا ہے،شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی وزارت میں اکیس بیس گریڈ کے جتنے افسران ہیں ان سے مایوس ہو چکے ہیں۔ سوچ رہے ہیں کہ اٹھارہ اور انیس گریڈ کے افسران کو چارج دے دیا جائے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ  ریلوے کو غریب کی سواری سمجھتے تھے، سمجھتے ہیں اور سمجھتے رہیں گے۔جو کرنا ہے کر لیں،غریب کے کرائے میں اضافہ نہیں کروں گا۔

شیخ رشید نے عوام کو نوید سنائی کہ وہ  5عید اسپیشل ٹرینیں بھی چلار ہے ہیں۔


متعلقہ خبریں