چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر



اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) شبر زیدی کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سوموار کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔

جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب ایف بی آر کے19ویں گریڈ کے افسرعلی محمد کی درخواست پر سماعت کریں گے جس میں شبرزیدی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخوست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ شبر زیدی کی تعیناتی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کو کام کرنے سے روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: شبر زیدی چیئرمین ایف بی آر تعینات

شبر زیدی کے ماتحت 19ویں گریڈ کے افسر نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ادارے کے مستقل افسران کے ساتھ امتیازی سلوک نہ برتا جائے اور پرائیوٹ سیکٹر سے ایف بی آر میں تعیناتیاں روکی جائیں۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کے لیے قابل افسران کی تعیناتی  پرغور کرنے کا حکم دیا جائے۔

یاد رہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی معاشی ٹیم میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے شبرزیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیا تھا۔

شبر زیدی ٹیکسیشن کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور 2013 کے انتخابات سے قبل بننے والی سندھ کی عبوری حکومت میں وزیر بھی رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں