’ماحول سازگار رکھنے کیلئے پروگرام نیوز لائن ادھورا چھوڑ کر گیا‘


اسلام آباد: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ہم نیوز کا پروگرام ’نیوز لائن‘ بہانہ بناکر شو ادھورا چھوڑ کر اس لیے گئے تھے تاکہ ماحول سازگار رہے۔

دو روز قبل خیبرپختونخوا میں جاری ڈاکٹروں کے احتجاج کے حوالے سے معروف صحافی ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار کے سوالات پر شوکت یوسفزئی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: میزبان کے سخت سوالات، شوکت یوسفزئی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے

ڈاکٹر ماریہ کی جانب سے سخت سوالات کرنے پر شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ آپ پہلے بات سنیں، اپنے منہ سے بات نہ کریں، اگر آپ کو مجھ سے سننا ہے تو سنیں نہیں سننا تو آپ کی مرضی۔

اس پر ڈاکٹر ماریہ کا کہنا تھا کہ سوال کرنا میرا حق ہے۔ بعدازاں شوکت یوسفزئی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

اس حوالے سے منطق پیش کرتے ہوئے آج وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سامنے ڈاکٹرز کا وفد تھا اس لیے حکومتی مؤقف کھل کے بیان نہیں کرسکتا تھا کیوں کہ ان کے ساتھ بدمزگی کا خدشہ تھا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: ڈاکٹروں کی ہڑتال،انتظامیہ نے ایف آئی آر درج کرادی

انہوں نے اعتراف کیا کہ کہ بہانہ بناکر شو ادھورا چھوڑ دیا تاکہ ماحول سازگار رہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج تک براہ راست شو میں ایسا نہیں کیا، میزبان کے سخت سے سخت سوالوں کا جواب مسکراہٹ کے ساتھ دیتا ہوں۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے ہم نیوز کی اینکر ماریہ ذوالفقار سے معافی بھی مانگ لی۔


متعلقہ خبریں