سندھ میں ایڈز کی صورتحال پر عالمی اداروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

سندھ میں ایڈز کی صورتحال پر عالمی اداروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے علاقے رتوڈیرو میں ایڈز کی وبائی صورتحال پرعالمی اداروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے 20 مئی کو اسلام آباد میں انسداد ایڈز کے عالمی شراکت داروں کا اجلاس بلایا ہے جس کی صدارت مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کریں گے۔

محکمہ صحت سندھ، صوبائی انسداد ایڈز پروگرام کے حکام، وفاقی سیکرٹری و ڈی جی ہیلتھ اور قومی ایڈز پروگرام کے حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف، یو این ڈی پی، یو این ایڈز، ایچ آئی وی اور یو این او ڈی سی کے اہلکار بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: لاڑکانہ : 13 بچوں میں ایچ آئی وی ایڈزکے جراثیم پائے جانے کا انکشاف

لاڑکانہ: رتوڈیرو میں ایڈز متاثرہ افراد کی تعداد 59 ہو گئی

سربراہ قومی ایڈز پروگرام ڈاکٹر بصیر اچکزئی شرکا کو ایڈزکی موجودہ صورتحال، حفاظتی اقدامات اور مسائل پر بریفنگ دیں گے۔

اجلاس میں ایڈز کیسز کے پیش نظر عالمی اداروں کو ضروریات سے آگاہ کیا جائے گا اور عالمی اداروں کی مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔

خیال رہے کہ رتو ڈیرو میں گزشتہ ماہ ایڈز پھیلنے کی وبائی صورتحال سامنے آئی تھی جس سے 59 افراد متاثر ہوئے تھے جن میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی۔

سندھ کی ضلعی انتظامیہ نے سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر کو گرفتار کر کے اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر ایک ہی سرج سے مختلف مریضوں کو انجیکشن لگائے جب کہ ملزم کہنا ہے کہ وہ اپنی بیماری سے لاعلم تھا۔

سندھ کی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ صوبے میں موضی مرض کے پھیلنے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے  ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہائی بھی کرائی تھی۔


متعلقہ خبریں