آصف زرداری، فضل الرحمان ملاقات کی اندرونی کہانی



اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری اور جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی ہم نیوز نے پتہ کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ان کی جماعت تو اسلام آباد بند کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے، اس پر آصف زرداری نے برجستہ جواب دیا کہ وہ کندھے سے کندھا ملا کر ان کے ساتھ ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ ہر قسم کے سیاسی حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ملاقات میں اسلحہ بردار پارلیمنٹیرینز کی مولانا کی حفاظت کرنے والی تصویر کا تذکرہ بھی ہوا۔ جس پر آصف زرداری نے مولانا کو ذاتی سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

یہ بھی پڑھیے فضل الرحمان اپوزیشن کو کسی حد تک قریب لانے میں کامیاب

اس سے قبل ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے حکومت مخالف سرگرمیوں کے رہنما اصول وضع کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔

رواں ماہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی یہ تیسری ملاقات ہے جس میں حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

جے یوآئی کے سربراہ نے اس سے قبل میاں نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی جس میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے گفتگو ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں بلاول کا رمضان کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کا اعلان

یکم مئی کو ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی رمضان کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرے گی۔


متعلقہ خبریں