مستونگ: ہائی اسکول کی 150 طالبات الرجی کا شکار


کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہائی اسکول کی 150 طالبات کو اچانک الرجی ہونے کے باعث فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ واقعہ مستونگ کے علاقے کلی محمد شہی میں پیش آیا جس کے دوران اسکول کی دو اساتذہ کی طبیعت بھی خراب ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق طالبات اور اساتذہ کو سانس میں رکاوٹ اور تیز کھانسی کاسلسلہ شروع ہوا تھا جس کے باعث بعض کی حالت غیر ہو گئی تھی۔

بعدازاں انہیں فوری طور پر شہید نواب غوث بخش اور دیگر مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایمرجنسی نافذ کرکے متاثرہ طالبات اور اساتذہ کو طبی امداد فراہم کی۔

مستونگ کے ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر منظور بلوچ  کا کہنا ہے کہ الرجی درختوں میں پائے جانے والے کیڑے مکوڑوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بچی کو کیڑے مکوڑوں نے کاٹا جس کے بعد اس نے دوسرے کو چھوا اور اس طرح یہ الرجی پھیلتی چلی گئی۔

ان کے مطابق علاج معالجہ کے بعد تمام طالبات اور دو متاثرہ اساتذہ کو گھروں کی جانب روانہ کردیا گیا جس کے بعد محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی ٹیمیں اسکول پہنچ گئی ہیں تاکہ الرجی کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں اور مستقبل میں اس کا تدارک کیا جائے۔


متعلقہ خبریں