فوج ناگہانی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے، آرمی چیف



راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں کامیابی کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور ہم کسی ناگہانی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ مشرقی سرحدوں پر  افواج پاکستان کسی بھی چلینج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سنگین صورت حال سے نکل چکے ہیں لیکن ملک کو اب بھی سنگین چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کامیابی کے لیے اتحاد،عزم اور حوصلے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے لیے سرحد پر باڑ کے ساتھ نئے قلعوں اور سرحدی چوکیوں کی تعمیر جاری رہے گی۔

آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر داواتوئی کے مقام پر باڑ لگانے کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔ پاک فوج کے سربراہ کو سرحدی علاقوں میں اقتصادی ترقی اور عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد( ٹی ڈی پیز) کی بحالی کے منصوبے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

انہوں نےعلاقے میں امن و استحکام کے لیے جوانوں کے حوصلے اور بلند کردار کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ علاقے میں پاک فوج کے تین جوان یکم مئی کو افغانستان سے  دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں