سرفراز کی مبینہ غفلت انگلینڈ کیخلاف میچ میں شکست کی وجہ؟



ناٹنگھم: گزشتہ روز چوتھے ایک روزہ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے خلاف انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 0-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے۔

گزشتہ میچز کے برعکس یہ میچ دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ نے اپنے نام کیا۔ ایک موقع پر میچ میں پاکستان کا پلڑا بھاری تھا تاہم بین اسٹوکس کی جارحانہ نصف سنچری نے جیت کو پاکستان سے دور کردیا۔

بین اسٹوکس کا بھرپور ساتھ ٹوم کرن نے دیا جنہوں نے 31 رنز بنائے۔ ایک موقع پر انہیں آؤٹ کرنے کا موقع پاکستانی ٹیم نے اس وقت گنوایا جب تھرو اسٹمپس پر جالگی تاہم پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے اپیل نہیں کی۔

مزید پڑھیں: چوتھا ون ڈے: سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کی فتح

بعدازاں ری پلے میں دیکھا گیا کہ ٹوم کرن رن آؤٹ تھے۔ سرفراز احمد فیلڈرز کی جانب سے مسلسل غلطیوں کی وجہ سے بھی مایوس تھے۔

انہوں نے کہا کہ بلے بازوں نے بورڈ پر اچھے رنز لگائے تھے، اگر ہم اچھی فیلڈنگ کرتے تو میچ میں کامیاب ہوجاتے۔

رن آؤٹ والے واقعے پر سرفراز کا کہنا تھا کہ کوچ نے انہیں اس بارے میں بتایا، مجھے لگا تھا کہ دونوں بیلز گرچکی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تھرڈ امپائر ٹیلی ویژن پر دیکھ چکے تھے تو انہیں گراؤنڈ میں موجود امپائروں کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

حسن علی نے بعدازاں ٹوم کرن کو آؤٹ تو کردیا تھا تاہم اس وقت تک میچ تقریباً پاکستان کے قابو سے باہر نکل چکا تھا۔


متعلقہ خبریں