اسپتالوں کو ٹھیک کرنا ہے، بلیک میل نہیں ہونگے: وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے قریب سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں پتہ چل جائےگا کہ ذخائر موجود ہیں یا نہیں۔

شوکت خانم کینسر اسپتال پشاور کے لیے رقم جمع کرنے کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے قریب سمندر میں گیس ڈھونڈنے کے لیے کنواں کھودا جارہا ہے، دعا کریں کامیابی ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر تیل دریافت ہوا تو پاکستان کو دوسرے ممالک سے تیل نہیں منگوانا پڑے گا۔

مزید پڑھیں: کراچی کے قریب تیل کے ذخائر، بڑی خوشخبری ملنے والی ہے؟

عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم دنیا میں واحد کینسر اسپتال ہے جو 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 90 فیصدپاکستانی کینسر کے مرض کا علاج نہیں کراسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا شوکت خانم اسپتال نہیں بنے گا اور اگر بن گیا تو چلے گا نہیں، شوکت خانم بن بھی گیا اور 75 فیصد مریضوں کاعلاج بھی مفت ہوتاہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لاہور کی طرح پشاور شوکت خانم اسپتال بھی مفت علاج کرارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کینسر اسپتال نہ ہونے پر والدہ کو بیرون ملک علاج کے لیے لے کر گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلےدل کےسخی لوگ ہیں، یہ اپنے لیے نہیں دوسروں کے لیے جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 70 کروڑ کا شوکت خانم منصوبہ شروع کیا تو اکاؤنٹ میں صرف ایک کروڑ روپے تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور شوکت خانم اسپتال میں علاج کے لیے افغانستان سے بھی لوگ آتےہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کینسر اب لاعلاج نہیں اس کا علاج ہوسکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کچھ ڈاکٹر اصلاحات کے خلاف احتجاج کررہے ہیں تاہم ایسا اسپتالوں میں بہتری کے لیے کیا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ سیاستی جماعتیں احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کی سرپرستی کررہی ہیں تاہم ہم نے اسپتالوں کو ٹھیک کرنا ہے اور بلیک میل نہیں ہوں گے۔


متعلقہ خبریں