اپوزیشن کا افطار ڈنر، حکومت کا ردعمل بھی سامنے آگیا


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں افطار کے نام پر جمہوری حکومت کے خلاف سازش افسوسناک ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ رمضان کا ماہ مقدس حقوق اللہ اور حقوق العباد کا حسین امتزاج ہوتا ہے، بد قسمتی سے اس با برکت مہینے میں عوام کو مسائل کا روزہ رکھوانے والے افطاریوں کی آڑ میں ذاتی، سیاسی اور کاروباری مفادات کے تحفظ میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپویشن کو اپنی نیت کی مار پڑ رہی ہے، یہ صرف اپنی دولت اور اولاد کے مستقبل سے متعلق فکر مند رہتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) فی الوقت اس بات پر متفق ہیں کہ عیدالفطر کے بعد بھرپور حکومت مخالف احتجاج کیا جائے گا اور تحریک چلائی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے دو روز قبل پارٹی رہنماؤں کو حکومت مخالف تحریک چلانے کی اجازت دی تھی۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ نے عیدالفطر کے بعد سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی ف نے بھی عید کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا اعلان رکھا ہے۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا تھا کہ حکومت مخالف تحریک کے لئے ن لیگ اورپیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں۔


متعلقہ خبریں