معاشی صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی، وزیراعظم

وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی سیاحت تشکیل دے دی

فوٹو: فائل


پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حالیہ ملکی معاشی صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی۔

خیبرپختون خوا کابینہ کے ارکان سے ملاقات کے دوران ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ ملکی برآمدات میں عنقریب بہتری اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا جبکہ بہتر معاشی صورت حال کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے صوبائی کابینہ کے ارکان کو مفاد عامہ کے لیے عوام سے مستقل رابطہ رکھنے کی ہدایت کی جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظررکھنے اور ذخیرہ اندروزن کی نشاندہی پر فوری کارروائی کا بھی حکم دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کو ضم شدہ قبائلی اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ان اضلاع میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ہی 6 ماہ کے لیے صحت انصاف کارڈ تصور ہوں گے۔

وزیراعظم کو قبائلی اضلاع کے لیے سالانہ ترقیاتی کاموں کی رفتار اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: ’ایک ہفتے میں پتہ چل جائے گا سمندر میں گیس موجود ہے یا نہیں‘

عمران خان نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک تاریخی خسارے میں تھا اس لئے پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ مشکل معاشی حالات کا سامنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام سے وسیع سوشل سیفٹی نیٹ ورک وجود میں آئے گا، پروگرام پیکج 100 ارب سے بڑھا کر 180 ارب روپے کر رہے ہیں جس کے تحت تمام غریب افراد کو دیکھ بھال کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے قرضوں کی سہولیات بھی شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے خیبرپختون خوا میں سیاحت کے بے پناہ مواقعوں سے بھرپور استعفادے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کے لیے سیاحت کے ضمن میں ٹریننگ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے آئی ٹی اور پیشہ وارانہ تربیت کے لیے مربوط اور جامع حکمت عملی وضع کرنے کی بھی ہدایت دی۔


متعلقہ خبریں