’حکومت اسی سال گرے گی، نیا وزیر اعظم ن لیگ سے ہوگا‘


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر مشاہد اللہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت مخالف تحریک کا اصولی فیصلہ ہو گیا ہے جس کا اعلان  مشترکہ اپوزیشن کرے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں بات کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے بتایا کہ کپتان کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت اسی سال گر جائے گی اور نیا وزیر اعظم ن لیگ سے ہوگا۔

مریم نواز کو بلاول کی جانب سے افطار پارٹی کی دعوت کے سوال پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مریم نواز کے علاوہ اور بھی 16 نائب صدور ہیں تاہم ان کی مقبولیت سب سے زیادہ ہے۔

چیئرمین نیب کے شریف خاندان کی ڈیل کے حوالے سے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ تمام الزامات لغو ہیں، وہ بتاتے کہ کس نے پیشکش کی، قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

بہاولپور صوبہ نہیں بن سکتا، خسرو بختیار

پروگرام کے دوران وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے بہاولپور صوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ کی اپنی سیاست ہے تاہم زمینی حقائق تبدیل ہو چکے، بہاولپور صوبہ نہیں بن سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اب جنوبی پنجاب کے صوبے کی حمایت کرے اور رکاوٹیں پیدا نہ کرے۔

مخدوم خسرو بختیار نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کی حد تک تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔

دفاعی بجٹ پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود دفاعی بجٹ میں اضافہ کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی پروگرام 600 سے 900 ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں