عمران خان نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، حمزہ شہباز

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا۔ سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہو گا ورنہ قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے بلاول بھٹو زرداری کے افطار ڈنر میں شرکت کے لیے روانگی کے قبل لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک گالیوں سے نہیں چلے گا کام کر کے دکھانا ہو گا۔ حکومت کام کر کے دکھائے ورنہ قوم سے معافی مانگے اور گھر جائے۔

انہوں نے کہا کہ کل وزیر اعظم نے کہا دُعا مانگو ایک ہفتہ میں گیس نکل آئے لیکن ابھی ان کے الفاظ بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ گیس نہ ملنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ایسا شخص قوم کے لیے مایوسی ہے، یہ کھلاڑی نہیں بلکہ کھلنڈرا ہے۔

یہ بھی پڑھیں مہنگائی کا سونامی دیکھ کر خوف آتا ہے، حمزہ شہباز

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے اور اگر قوم اور ملک کے لیے اب اکٹھے نہیں ہوں گے تو کب ہوں گے ؟

وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو روپے کی قدر میں کمی کا میڈیا سے پتہ چلتا ہے، اتنا بے خبر شخص ملک کاوزیراعظم بنا ہوا ہے۔

انہوں نے مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ کا بدترین معاشی بحران پیدا ہو گیا ہے جبکہ ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا اور مہنگائی 3 پزار گنا بڑھ گئی ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں