’حکومت نے میڈیا کو 2 ارب روپے کے اشتہارات دئیے‘


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے مشکلات کے باوجود نوماہ میں 1.9 ارب روپے کے اشتہارات جاری کیے ہیں۔ حکومت کے ساتھ جو معاملہ چل رہا ہے وہ سابقہ ادوار کے اشتہارات کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سابق حکومت کی سرمایہ کاری تھی کہ انہوں نے عمران خان کے خلاف جو سرکاری اشتہارات چلائے تھے عمران خان نے ان کے بقایا جات بھی جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کے لیے میڈیا ورکرز بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے کسی بھی شعبے میں کام کرنے والے افراد ہیں، اگر یہ مشکلات کا شکار ہوں گے تو یہ عوامی مشکلات کس طرح دکھا سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے مالکان کو بقایا جات جاری کرنے کے ساتھ تنخواہوں کی ادائیگی کی شرط بھی رکھی ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عبوری ویج بورڈ ایوارڈ بھی لے کر آرہے ہیں، حکومت اور میڈیا کے درمیان خلاء ہے جسے کم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرارہی ہے، فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا کہ وزرات اطلاعات میں حکمت عملی بنائی ہے کہ عوامی اور ملکی مفاد کو ابھارنا ہے، وزراتوں میں ون مین شو نہیں ہوتا بلکہ ٹیم مل کر کام کرتی ہے۔میں ادھار نہیں رکھتی قرضہ ساتھ ہی لوٹا دیتی ہوں۔

ایک سوال کےجواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ورزات چھوڑی نہیں جاتی بلکہ تبدیل ہوتی ہے، وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ وہ کوئی بھی ذمہ داری کسی کو بھی دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ریگولٹری اتھارٹی کے معاملے پر مشاورت سے آگے بڑھنا ہے، جدید ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور صحافیوں کی تربیت سمیت سب کو آگے بڑھانا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی میڈیا میں جو تبدیلیاں آرہی ہیں پاکستان میڈیا ان سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ حکومت کچھ بھی مسلط نہیں کرے گی بلکہ مشاورت سے اسے نافذ کرے گی۔ میڈیا پالیسی اور اشتہار پالیسی کو ترتیب دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار میڈیا کا کردار حکومت کے لیے انتہائی اہم ہے، یہ معاشرے میں پھیلی افراتفری کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے، ہم یہ نہیں کہتے کہ میڈیا ہمارے ساتھ کھڑا ہو بلکہ یہ ملک کے ساتھ کھڑا ہو۔


متعلقہ خبریں