حج کوٹہ: تقسیم روکنے کے حکم امتناعی میں27مئی تک توسیع

حج کوٹہ: تقسیم روکنے کے حکم امتناعی میں27مئی تک توسیع

لاہور: عدالت عالیہ لاہور نے اضافی حج کوٹہ کی تقسیم روکنے کے حکم امتناعی میں 27 مئی تک توسیع کر دی ہے۔

نجی ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ دینے سے متعلق مقدمہ کی سماعت عدالت عالیہ کے جج جناب جسٹس شاہد کریم نے حج گروپ آرگنائزیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے دائر درخواست پر مقدمہ کی سماعت کی۔

حکم امتناعی میں توسیع لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت کے بعد کی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق دائر درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت میں وفاقی وزارت مذہبی امورکی جانب سے جواب داخل کرایا گیا۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جائے۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت عالیہ کی جانب سے وزارت مذہبی امور کواس ضمن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 2013 میں سعودی عرب کی حکومت نے حرم پاک کی توسیع کی وجہ سے 20 فیصد حج کوٹہ کم کیا تھا۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اب سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے ملنے والے حج کوٹے کا 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی ٹور آپریٹرز کو ملنا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ رواں برس سعودی عرب کی حکومت نے 15790 زائرین حجاج کا اصافی کوٹہ حکومت پاکستان کو دیا ہے جس میں سے وفاقی وزارت مذہبی امور 6316 نئے نجی ٹور آپریٹرز میں تقسیم کررہی ہے۔

دائر درخواست میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری کوٹہ دینے پر اعتراض نہیں ہے لیکن 40 فیصد کوٹہ نئے ٹور آپریٹرز کو نہیں دیا جاسکتا ہے۔

درخواست گزار نے دائر درخواست میں کہا ہے کہ وفاقی وزارت مذہبی امور پرانے ٹور آپریٹرز میں ملنے والا کوٹہ تقسیم کرے۔

عدالت عالیہ لاہور سے درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ وفاقی وزارت مذہبی امور کو 6316 کا کوٹہ نئے ٹورآپریٹرز میں تقسیم کرنے سے روکا جائے۔

درخواست گزار نے اس ضمن میں یہ مؤقف بھی اپنایا ہے کہ وفاقی وزارت پہلے ہی پانچ ہزار کا کوٹہ نئے ٹورآپریٹرز میں تقسیم کرچکی ہے۔


متعلقہ خبریں