برازیل کے بار میں فائرنگ، 11 افراد ہلاک



بیلم: برازیل کے شہر بیلم میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

برازیلین حکام کے مطابق 7 مسلح افراد نے برازیل کے بار میں گھس کر اچانک فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں 6 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں تاہم فائرنگ کی فوری وجہ سامنے نہیں آسکی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے ک حملہ آور 3 گاڑیوں اور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے اور انہوں نے بار میں گھستے ہی فائرنگ کر دی تھی۔

مقامی حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات ساڑھے تین بجے پیش آیا۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق سرکاری ترجمان نتالیہ میلو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اجتماعی قتل کیا گیا جبکہ ایک زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں برازیل ڈیم حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 58 ہوگئی

واقعہ کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

دو ماہ قبل برازیل کے ایک اسکول میں مسلح افراد نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جبکہ دونوں حملہ آوروں نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔ حملہ آور نوجوان اسی اسکول کے سابقہ طالب علم تھے۔

مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے اسکول پہنچنے سے قبل گیس فلنگ اسٹیشن کے مالک کو بھی گولی مار کر زخمی کر دیا تھا جبکہ چند سال قبل بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک طالب علم نے 10 سے زائد ساتھیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور واقعہ کے بعد خودکشی کرلی تھی۔


متعلقہ خبریں