عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر



لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کے لیے  مقرر کرنے کا حکم دے دیاہے۔عمران خان کے خلاف متفرق درخواست پر کیس کی سماعت آئندہ ہفتے میں ہوگی ۔

وزیر اعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے کیس کی جلد سماعت کے لئے متفرق درخواست پر سماعت جسٹس شاہد وحید خان  نے کی ۔ درخواست لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی  طرف سے دائر کی گئی تھی۔

عدالت نےابتدائی شنوائی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق  درخواست كو آئندہ ہفتے میں سماعت كے لیے مقرر كرنے كا حكم دے دیا۔

درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیر اعظم عمران خان نیازی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان  نے  لوگوں کو سول نافرمانی کے لیے اکسایا ہے۔ عمران خان نے لوگوں کو اکسایا کہ وہ ٹیکس نہ دیں اور بیرون ممالک سے رقوم بھی نہ بھیجیں۔

عمران خان پر یہ الزام بھی عائد کیا گیاہے کہ انہوں نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی بلڈنگ پر دھاوا بولا اور اور گیٹ توڑے۔

درخواست گزار نےعمران خان پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ انہوں نے  ملکی سالمیت کے خلاف اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نےملکی سیاسی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج

درخواست گزار کی طرف سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وزیر اعظم عمران خان کو آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نا اہل کرے اور آئین کے آرٹیکل 124 اے کے تحت کارروائی کا حکم دے۔

یاد رہے رواں سال 21جنوری کو  اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کر دی تھی۔

عمران خان کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا  تھا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کو چھپایا ہے جب کہ کیلیفورنیا کی عدالت نے عمران خان کے خلاف فیصلہ سنایا تھا۔

عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کا کیس آئین کے کس آرٹیکل کے تحت ہے ؟ کیا آپ نے آرٹیکل 63 ایچ دیکھا ہے جو کہ اخلاقی اقدار سے متعلق ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ جو الزام لگا رہے ہیں وہ اخلاقی معاملے سے متعلق ہے اور ذاتی نوعیت کے الزامات سے متعلق آئین نے طریقہ کار طے کر رکھا ہے جب کہ آپ خود بھی حافظ ہیں اور اسلام میں ذاتی زندگی پر پردہ ڈالنے کا حکم ہے۔

شہدا فاؤنڈیشن کے حافظ احتشام نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وفاق، اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن، وزارت خارجہ اور عمران خان کو فریق بنایا تھا۔


متعلقہ خبریں