یوٹیوب پر پچیس لاکھ مداح رکھنے والا پرینک اسٹار

یوٹیوب پر پچیس لاکھ مداح رکھنے والا پرینک اسٹار

لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنا ناممکن نہیں تو ایک مشکل فن ضرور ہے، لیکن شہر قائد کراچی سے تعلق رکھنے والے یو ٹیوبر نادر علی کو اس  فن  میں کمال حاصل ہے۔

یوٹیوب سے شناسائی رکھنے والے اور اس پر مزاحیہ وڈیوز دیکھنے کےبیشتر شائقین  نادر علی کے نام سے ضرور واقف ہونگے۔

انٹرنیٹ کی دنیا پر معروف ترین وڈیو ویب سائٹ پر پچیس لاکھ مداح رکھنے والے پرینک اسٹار کو یو ٹیوب کی جانب سے گولڈ پلے بٹن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والا نادر دوستوں کی محفل کی جان تو تھا ہی آج یوٹیوب پر لاکھوں افراد کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنے کی وجہ بھی بن گیاہے۔

نادر علی نے اپنے بارے میں ہم نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ’’نادر علی ایک ہنستا مسکراتا انسان ہے،لوگوں میں  خوشیاں بانٹنے نکلا ہے اور یہی اسکی زندگی کا مقصد بھی ہے۔
نادر علی نے 18سال کی عمر میں کامیڈی شروع کی اور آج ڈھائی ملین کے قریب لوگ اس کی  پرینکس  وڈیوز کے مداح ہیں۔

اس منفرد اور مزاحیہ یوٹیوبر کے بقول انہوں نے 2010سے 2016تک وڈیوز بنانے کا کام کیا اور پھرخیال آیا کہ کیوں نہ سوشل میڈیا پر  اپنے اس کام کو رجسٹرڈ کرایا جائے۔

نادر یو ٹیوب پر اپلوڈ کی گئی وڈیوز میں  کبھی نائی اور  کبھی بھکاری کے روپ میں پرینکس کرتے نظر آتے ہیں تو کبھی سپیرا بن کر لوگوں کے گھروں سے سانپ ڈھونڈنے کا ناٹک دکھا کر لوگوں کو خوش کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

نادر علی نامی اس نوجوان پرینک اسٹار کو پاکستانی یوٹیوب کمیونٹی میں اب تک  سب سے زیادہ سبسکرائبر رکھنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیے:لاہور کی یوٹیوب گرل کیلیے گولڈ بٹن

اس منفرد فنکار نادر علی کا کہنا ہے کہ کئی بھارتی اداکار بھی ان کے کام کی تعریف کئے بغیر نہیں رہ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اس پروفیشن سے نہ صرف مطمئن ہیں بلکہ خوش بھی ہیں۔

یاد رہے گزشتہ برس بھی دنیا بھر میں ویڈیوز کی معروف ویب سائٹ یوٹیوب نے لاہور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی لڑکی آمنہ ریاض کی عمدہ کارکردگی کے پیش نظر انہیں اعزازی گولڈ بٹن سے نوازا  تھا۔

پاکستانی باہمت لڑکی کی کھانے پکانے کی ویڈیوز یوٹیوب پر بہت مقبول ہیں، آمنہ ریاض کے یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر فالورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

یوٹیوب پر آمنہ کا چینل ’’کچن ود آمنہ‘‘ کے نام سے ہے جس کے  14 لاکھ سے زائد سبسکرائبر ہیں۔


متعلقہ خبریں