ایک دن سندھ کے ویزے پر پابندی لگ جائیگی، شیخ رشید



کراچی : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے ایک دن سندھ کے ویزے پر پابندی لگ جائیگی ۔یہ پابندی میڈیکل بنیادوں پر لگے گی کیونکہ دنیا میں اتنے ایڈز کے مریض کہیں سے نہیں نکلے جتنے لاڑکانہ سے نکلے ہیں۔ ا نہوں نے یہ بات آج کراچی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں کہی ۔

شیخ رشید احمد سے گزشتہ روز بلاول بھٹوکی طرف سے دی گئی افطار پارٹی سے متعلق سوال کیا گیا تھا۔ شیخ رشید احمد نے سوال کا جواب دینے کے بجائے کہا کہ  لاڑکانہ اور سندھ کے غریب لوگوں کو کیا ملا ہے؟بچہ ٹیسٹ کرانے جاتاہے تو اسے بتایا جاتاہے کہ تمہیں ایڈ ز ہوگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ  سندھ کو ’’ایڈستان‘‘ بنادیا گیاہے،صوبائی وزیر صحت کو استعفی دینا چاہیے تھا، یہ بے شرم لوگ ہیں ،دنیا میں کوئی اور ہوتا تو مستعفی ہوچکا ہوتا۔

صحافی نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے  سوال کیا کہ گزشتہ روز ہونے والی افطار پارٹی سے حکومت گھبرائی تو نہیں؟ اس پر انہوں نے جوب دیا کہ گھبرائیں گے وہی لوگ جو این آراواور اور نیب کے گندے انڈے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آدھے لوگ پیشیاں بھگت رہے ہیں اور آدھے لوگ ضمانت پر ہیں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ (اپوزیشن والے) اپنے ٹریپ میں خود پھنسنے جارہے ہیں۔میں نے عمران خان سے کہا تھا کہ  دفعہ کریں انہیں جانے دیں لیکن عمران خان کسی صورت میں بھی کسی کو این آر او دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ،  مئیر کراچی اور کمشنر کے شکر گزار ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم  نےکراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر)کو چلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  45 کلو میٹر میں سے 20کلو میٹر ٹریک خالی کرالیا ہے، ہم نے حکمت عملی بنائی ہے کے سی آر کو بحال کریں گے، ٹریک کے اطراف میں  50فٹ  اراضی کو ہرصورت خالی کرالیا جائیگا۔

شیخ رشید نے  کہا کہ ہم نے سندھ کو چار ٹرینیں دی ہیں۔ ایک ٹرین اور دیکرزیریں سندھ کے ٹریک بھی ٹھیک کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ انگریز 9ہزار کلومیٹر ریلوے کی پٹڑی چھوڑ کر گیا تھا ، اب یہ ٹریک  7ہزار کلو میٹر پر آگیاہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معاشی حالات کے حوالے سے گندے کپڑے میڈیا پر نہ دھوئے جائیں ۔

یہ بھی پڑھیے:سپریم کورٹ کا کراچی سرکلر ریلوے ایک ماہ میں چلانے کا حکم

مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سندھ حکومت نااہل ہے، کورٹ کے آرڈرز پر حکومت چل رہی ہے ۔ عدالت سے حکم آتے ہیں تو حکومت کام کرتی ہے، از خود ان کی گورننس ناکام ہوچکی ہے ۔

چیف سیکرٹری سندھ ممتاز شاہ نے کہا کہ کے سی آر اور  سی پیک میں سندھ حکومت کا جو کردار ہے وہ نبھائیں گے۔


متعلقہ خبریں