قومی اسمبلی: 21مئی کو طلب کیا جانے والا اجلاس موخر


قومی اسمبلی کا کل یعنی 21مئی کو طلب کیا جانے والا اجلاس موخر کردیا گیاہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اب 24مئی کو ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 24مئی کو دن ساڑھے دس  بجے ہوگا۔

یاد رہے اس سے قبل 13مئی کو قومی اسمبلی کا گزشتہ  اجلاس 24مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔ یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر ِصدارت حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کے پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

تاہم اسی روز ایوان سے 26ویں آئینی ترمیم منظور کیے جانے کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 21مئی کو دوبارہ طلب کیاگیا تھا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ  ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ اجلاس میں ایوان کے ماحول کو سازگار رکھنے سمیت ایوان  میں قانون سازی کے  لیے پیش کیے جانے والے اہم بلوں پربھی  تبادلہ خیال کیا ۔

یہ بھی پڑھیے:قومی اسمبلی : 26واں آئینی ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ایوان کے ماحول کو پْر امن اور خوش گوار رکھنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ موثرقانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کو حل اور ایوان کے وقار کو بلند کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لیے  ایوان میں نمائندگی رکھنے والی جماعتوں میں اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ اس وقت ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان پر قابو پانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی جمہوریت کی مضبوطی و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا ہو گا۔

قومی اسمبلی کا رواں اجلاس 24مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ


متعلقہ خبریں