ن لیگ کا عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی عوام کے مسائل کے حل کے لیے رابطہ مہم شروع کرے گی۔

ن لیگ کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو عوامی رابطہ مہم پر مشاورت کرے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سے کہیں گے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا ہے، اس میں بھی کمی کی جائے۔

مزید پڑھیں: حکومت مخالف تحریک ایک روز بعد ہی کھٹائی میں پڑگئی؟

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ابھی نہیں ہوا لیکن اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں اضافہ کردیا، آئی ایم ایف سے شرائط پر بہت سے شکوک و شہبات ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ گری ہوئی حکومت ہے اس کو گرانا مقصود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پارٹی اجلاس میں قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق  تشویش کا اظہار کیا گیا، چیئرمین نیب نے اخبار کو ایک انٹرویو دیا ہے لیکن اس کی تردید ابھی تک نہیں کی گئی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انٹرویو میں جو باتیں کی گئیں وہ چیئرمین نیب کو زیب نہیں دیتیں، پہلے دن سے کہا تھا نیب کالا قانون ہے، اس کا عمل احتساب نہیں بلکہ سیاسی کرپشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف بجٹ سیشن میں موجود ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب سے بھاگ نہیں رہے، گرفتار کرنا ہے تو ہم تیار ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کا بیانیہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے، یہ بیانیہ ہر پاکستانی کا ہے اور آئین سے متصادم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سیاسی قیدی ہیں، کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا، اگر ان کے، آصف زرداری  یا میرے خلاف ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔


متعلقہ خبریں