‘عوامی مسائل پر مشترکہ حزب اختلاف چاہتے ہیں’


اسلام آباد: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوامی مسائل پر بات کرنے کے لیے مشترکہ حزب اختلاف چاہتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے لے کر ہر وزیر جھوٹ بولتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب کے ساتھ مل کر ملک کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں جبکہ عید کے بعد پارلیمان کے اندر اورپارلیمان کے باہر احتجاج کریں گے۔

شہباز شریف سے  متعلق انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جلد واپس آجائیں گے، مریم کا سیاست میں اور پارٹی کے اندر اپنا کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط عوام کے سامنے رکھنی چاہیئے کیونکہ اس پر شکوک پائے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسائل کا حل، نئے انتخابات، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ایک چیز کو ٹھیک کرنے کی خاطر سب تباہ کردیا، کبھی سوچا نہیں تھا کہ معاشی حالات اتنے خراب ہوجائیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ پالیسی ریٹ ابھی اور اوپر جائے گا۔

قومی احتساب بیورو(نیب) سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نیب میں پیش ہوئے، اگر شہبازشریف قائد حزب اختلاف نہ ہوتے تومیری رائے یہی ہوتی کہ اس ملک سے بھاگ جاؤ کیونکہ یہاں انصاف نہیں ہے۔

 ن لیگ ملزموں کو لیڈر شپ دینا چاہتی ہے،شیریں مزاری

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ حزب اختلاف کے افطار پر اتنی بات کیوں کی جارہی ہے۔

مریم نواز سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ تو مسلم لیگ ن کا فیصلہ ہے کہ وہ کس کو اپنا سربراہ بنانا چاہتے ہیں، ان کی مرضی ہے جو دل چاہے وہ کریں۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ن لیگ ملزموں کو اپنی لیڈر شپ دینا چاہتی ہے جبکہ حزب اختلاف نے ایک ہارے ہوئے انسان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چئیرمین بنا دیا۔


متعلقہ خبریں