‘فضل الرحمان عبادت کے ساتھ عداوت بھی لےکر چلتے ہیں’

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرقیادت پنجاب میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی، فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن افطار پر اللہ کی عبادت نہیں عمران خان کی عداوت کے لئے اکٹھی ہوئی تھی اور مولانا فضل الرحمان تو عبادت کے ساتھ سیاست اور عداوت بھی لے کر چلتے ہیں۔

ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اسمبلی سے باہر ہیں انہیں صرف اقتدار کا درد ہے اور وہ اپنی اسی بے چینی کا اظہار کرتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کی پارلیمنٹ آمد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی سزا یافتہ خاتون کو پارلیمنٹ بلانا کھلا مذاق ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں ہمارا بیانیہ ووٹ کو عزت دو ہے لیکن ہمیں تو ن لیگ کا بیانیہ ہی سمجھ نہیں آتا۔ ایک بھائی بیانیے کے مطابق بیرون ملک چلے گئے اور دوسرے جیل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مطابق یہ ووٹ کو نہیں نوٹ کو عزت دو کا بیانیہ ہے۔

فردس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آج سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مشکلات کم کرنے کیلیے کچھ تجاویز دی ہیں ایسی تجاویز جہاں سے بھی آئیں گی ہم خوش آمدید کہیں گے۔

معاون خصوصی نے  ڈیم فنڈ ریزنگ کی تقریب کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے 70 سالہ گلے سڑے نظام کو ختم کرنے کے لیے اسٹیٹس کو ختم کرنا ہو گا اور عمران خان اسی جذبے سے ہر شعبے میں اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک کیلیے خدمات انجام دے رہے ہیں اور وزیراعظم کے دل کے قریب ہیں۔


متعلقہ خبریں