وفاقی کابینہ کا اجلاس، نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری



اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے “کامیاب جوان پروگرام” کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کابینہ کو “کامیاب جوان پروگرام” پر بریفنگ دی۔

انہوں نے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘ کو ملک بھر کے نوجوانوں کے لئے اچھی اور بڑی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے بعد کابینہ نے بھی پروگرام کی توثیق کر دی ہے اور مشکل معاشی حالات کے باوجود اس پروگرام کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ کی انتھک محنت کے بعد جامع پروگرام تشکیل دیا گیا ہے جس سے 10 لاکھ نوجوان براہ راست مستفید ہو سکیں گے اور  وزیر اعظم کا نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن آگے بڑھے گا۔

عثمان ڈار نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ سے خطیر رقم کی منظوری نوجوانوں کی بڑی کامیابی ہے، نوجوان حکومتی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہو جائیں کیونکہ اس کی بدولت ملک کے نوجوانوں کی قسمت بدل سکتی ہے۔

مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ذرائع ابلاغ کو کابینہ اجلاس کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے میں 9 پربات ہوئی اور تعلیمی پالیسی پر بھی بحث کی گئی۔

وزیرتعلیم نےمفصل اورجامع تعلیمی پالیسی کابینہ میں پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہالت کےاندھیروں نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ملک کی ترقی وخوشحالی کا انحصارمعیاری تعلیم پر ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت نے نوجوانوں کیلیے’کامیاب نوجوان‘ پروگرام کا آغاز کیا ہے جو ملک میں معاشی انقلاب کا سبب  بنے گا۔

پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت 18 سے 35سال کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا چاہتی ہے جس کیلیے بینک نوجوانوں کو 6 فی صد شرح سود پر قرض دے گا۔ آسان شرائط پر نوجوانوں کو قرضے دیئے جائیں گے اور یوتھ پروگرام میں 25فی صد قرضہ خواتین کے لیے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق کر دی ہے مالیاتی پالیسی کی ایکسٹرنل کمیٹی کے ممبران کی نامزدگیوں کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ بورڈ کی تشکیل نو اور بینکنگ کورٹ کراچی کے جج کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں مدارس اصلاحات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزرا کو ایک بار پھر کفایت شعاری مہم پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔


متعلقہ خبریں