بیشتر علاقوں میں موسم گرم، کہیں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات

اسلام آباد: ملک کے اکثر شہروں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کچھ اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلات، ژوب اور پنجاب کے شہروں بہاولپور، ملتان، ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) جبکہ سندھ علاقوں سکھر اور لاڑکانہ میں بھی آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز پیر کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم بنوں، ہزارہ ڈویژن، کوئٹہ، قلات، ژوب، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، لاڑکانہ ڈویژن، کشمیر اور اس کے قریبی پہاڑی علاقوں کے چند مقامات پر آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں آج موسم کہیں گرم اور شدید گرم، کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش چلاس 33 ملی میٹر، ڈی آئی خان 17 ملی میٹر، راولا کوٹ، گڑھی دوپٹہ 08 ملی میٹر، بالاکوٹ، بگروٹ 07 ملی میٹر، مظفر آباد 06 ملی میٹر، ژوب 05 ملی میٹر، چترال 04 ملی میٹر، قلات، کوٹلی، بنوں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

پیر کو سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع جیکب آباد 43 ڈگری سینٹی گریڈ، حیدرآباد، سکرنڈ 41 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔

اتوار کو ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور تیز آندھی کے باعث متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ پشاور، سوات، اٹک، کامونکی، مری، منڈی شاہ جیونہ، گجرات، راولپنڈی اور دیگر کئی شہروں میں تیز آندھی اور ہوا کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں