وفاقی وزیر سردار علی محمد خان مہر کی نماز جنازہ ادا



خانپورمہر: وفاقی وزیر برائے اینٹی نارکوٹکس سردارعلی محمدخان مہر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں پی ٹی آئی مقامی قیادت اور لوگوں کی  بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سردارعلی محمد خان مہر کا انتقال گزشتہ شب حرکت قلب بند ہونے سے ہوا تھا۔

خاندانی ذرائع نے ہم نیوز کو تصدیق کی کہ گزشتہ رات انکی طبیعت خراب ہو نے پر مقامی ڈاکٹر کو رہائش گاہ پر بلایا گیا تھا۔

ڈاکٹر کے مطابق وفاقی وزیر کو دل کا دورہ پڑا جس کے سبب حرکت قلب بند ہونے سے انکی وفات ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما کے انتقال پر سوگ میں ضلع گھوٹکی کی تحصیل خان پورکے تمام بازار بند کر دیے گئےتھے۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد علی محمد خان مہر کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے پہنچی تھی۔

متوفی پرویز مشرف کے دور حکومت میں سن  2002ء سے 2004ء تک سندھ کے وزیر اعلیٰ بھی رہے۔

 

سابق صدر آصف زرداری نے  سردار علی محمد مہر کے انتقال پر اظہار افسوس کے ساتھ ساتھ انکے اہل خاندان سے تعزیت کی۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی سردار علی محمد خان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

یاد رہے رواں سال 2اپریل کو مسلح افراد نے سردارعلی محمد مہر کے گھر میں گھس کر انہیں زخمی کردیا تھا۔ وفاقی وزیر کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ سردار علی محمد مہر کے سر پہ دو ٹانکے لگائے گئے تھے۔

ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ  سابق وزیراعلیٰ سندھ سر پہ بٹ لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیفنس فیز فور میں ڈکیت گروہ علی محمد مہر کے گھر میں داخل ہوا تھا جس نے مزاحمت کرنے پہ انہیں زخمی کردیا۔


متعلقہ خبریں