روپیہ ڈالر کے مقابلے میں پھر گراوٹ کا شکار



کراچی: ڈالر کی اونچی اڑان آج بھی جاری رہی۔ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔

کرنسی مارکیٹ میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر مزید 2 روپے 27 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 151 روپے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ کے مطابق اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر مزید 3 روپے مہنگا ہو گیا ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 151 روپے سے بڑھ کر 154 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق اس وقت ملک کی معیشت ڈالرائزیشن کی طرف گامزن ہے۔ اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو اس موقع پر ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جس سے کرنسی مارکیٹ اور لوگوں کا بھروسہ قائم ہو۔ بصورت دیگر ڈالر کے مقابلہ میں روپے کے قدر میں کمی آتی چلی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں روپیہ بمقابلہ ڈالر، تاریخ کے آئینے میں

گذشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 78 پیسے اضافے کے بعد 149 روپے 65 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 151 روپے رہی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتہ انٹر بینک میں ڈالر 4.58 فیصد مہنگا ہوا تھا جبکہ ایک ہفتے میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے 48 پیسے کا اضافہ ہوا اور انٹر بینک میں ڈالر 141.39 سے بڑھ کر 147.87 پیسے کی بلند سطح پر بند ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں