پی سی بی:ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلی کی نئی’پریزنـٹیشن‘تیار

پی سی بی: ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلی کی نئی پریزنـٹیشن تیار

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بنیادی تبدیلیاں لانے کے لیے نئی پریزنٹیشن تیارکرلی ہے جسے حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے پی سی بی کی تیار کردہ پہلی پریزنٹیشن کو وزیراعظم نے مسترد کردیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وہ پیش کی جانے والی پریزینٹیشن پر خاصے برہم بھی ہوئے تھے۔

ہم نیوز کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے وزیراعظم کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے کرکٹ کے فروغ کے لیے نیا ڈومیسٹک سسٹم (نظام) تیار کیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پی سی بی نئے ڈومیسٹک نظام کا اطلاق جلد ازجلد کرنے کا خواہش مند ہے۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سامنے تیار کردہ نیا منصوبہ اس وقت پیش کیا جائے گا جب چیئرمین پی سی بی احسان مانی اس کا جائزہ لے لیں گے اور وہ مطمئن ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید کی سربراہی میں بنائے جانے والے نئے منصوبے کے مطابق سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور فیڈرل ایریاز کی ایسوسی ایشنز بھی قائم کی جائیں گی۔

ہم نیوز کے مطابق ان ایسوسی ایشنز کے صدور کا انتخاب علاقائی کرکٹ ایسوسی ایشنز کریں گی۔

پی سی بی کے تیار کردہ نئے منصوبے کے مطابق چھ ٹیموں کا صوبائی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ بھی منعقد کرایا جائے گا جس میں پنجاب کی دو ٹیمیں شرکت کریں گی۔

ذرائع کے مطابق فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے علاوہ بھی مزید ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو گا جس میں کراچی اور لاہور جیسے ناموں سے مختلف شہروں کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید کی زیرقیادت تیار کیے جانے والے منصوبے کے مطابق ہر ایسوسی ایشن کا ایک ڈپارٹمنٹ اسپانسر ہوگا۔

پاکستان میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کے منصوبے کو کرکٹ لیجنڈ جاوید میاں داد، ہاکی اسٹار اصلاح الدین، جہانگیر خان اور یونس خان جیسے شہرہ آفاق کھلاڑیوں نے سخت نکتہ چینی کا نشانہ بنایا تھا۔


متعلقہ خبریں