اوبر اور کریم کے قواعد و ضوابط بنانے کا حکم


لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے نجی ٹیکسی سروس اوبر اور کریم کے قواعد و ضوابط بنانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں نجی ٹیکسی سروس اوبر اور کریم کے خلاف شہری محمد آفتاب کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو قواعد و ضوابط بنانے کا حکم دیتے ہوئے فریقین کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔

عدالت نے 15 فریقین کو اپنا جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا تاہم صرف 3 فریقین نے اپنا جواب عدالت میں جمع کرایا جس پر عدالت نے جواب جمع نہ کرانے والے فریقین پر برہمی کا اظہار کیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت تک جواب جمع نہ کرانے پر متعلقہ حکام کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر وضاحت دینے کی ہدایت کی اور 18 ستمبر تک فریقین کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔

یہ بھی پڑھیں ٹیکسی سروس اوبر نے حریف کمپنی کریم کو خرید لیا

عدالت نے استفسارکیا کہ اوبر اور کریم ٹیکسی سروس شروع کرنے کی اجازت کس نے دی ہے، یہ دونوں ٹیکسی سروسز نہ ہی اربن ٹرانسپورٹ اور نہ ہی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ماتحت ہیں۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اوبر اور کریم پرائیویٹ کمپنیوں نے مختلف شہروں میں ٹیکسی سروس شروع کر دی ہے جبکہ انہوں نے گاڑیاں چلانے کے لیے کوئی روٹ نہیں لیا اور نہ ہی گاڑیوں کا اجازت نامہ حاصل کیا گیا ہے۔

شہری محمد آفتاب نے عدالت سے استدعا کی کہ اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے کیونکہ بغیر قواعد و ضوابط کے ٹیکسی سروس شروع کرنا قانون کے خلاف ہے۔


متعلقہ خبریں