میشا شفیع کیس، علی ظفر کے گواہان کا بیان حلفی جمع

میشا شفیع کیس، علی ظفر کے گواہان کا بیان حلفی جمع

فوٹو: فائل


لاہور: گلوکار علی ظفر کی جانب سے مزید 7 گواہان کے بیان حلفی عدالت میں جمع کرا دیے گئے۔

لاہور کی مقامی عدالت میں گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت ہوئی۔ علی ظفر کی جانب سے بیان حلفی جمع کرانے والوں میں اسعد احمد، کاشف چمن، جوشوا کیتھ، محمد علی، قیصر زین، اقصی علی اور محمد تقی شامل ہیں۔

عدالت نے علی ظفر کے وکیل سے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کا حکم نامہ کہاں ہے ؟

علی ظفر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کا حکم نامہ ابھی وصول نہیں ہوا ہے تاہم ہم نے معزز عدالت کے حکم کے مطابق گواہان کے بیان حلفی جمع کرا دیے ہیں اور معزز سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 7 روز میں میشا شفیع کے وکلاء جرح کریں گے۔

علی ظفر کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اُن کے دو گواہان باقاعدہ عدالت میں پہلے ہی شہادت قلمبند کرا چکے ہیں۔

عدالت نے میشا شفیع کے وکلاء کو طلب کر لیا

گزشتہ سماعت میں عدالت نے علی ظفر کے ہتک عزت کے دعویٰ سے متعلق میشا شفیع کی درخواست پر سپریم کورٹ کا حکم نامہ اور تمام گواہان کے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں علی ظفر،میشا شفیع کیس:عدالت کا اہم حکم

علی ظفرکے وکیل کی طرف سے عدالت کو آگاہ کیا گیا تھا کہ 3 گواہان کراچی میں ہیں اور بیان حلفی کراچی میں دستخط کرانے کے لیے بھیجے گئے  ہیں۔عدالت ہمیں آج کی سماعت میں مہلت فراہم کرے۔ جس پر عدالت نے علی ظفر کے وکیل کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے سماعت 21 مئی تک ملتوی کر دی تھی۔

یاد رہے 14 مئی کو گلوکارہ میشا شفیع ،اداکار علی ظفر کی طرف سے دائر ہتک عزت کے دعوی سے متعلق درخواست کی سماعت  میں سپریم کورٹ  سے ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں اور عدالت نے 9 گواہوں کے بیانات اور جرح ایک ساتھ کرنے کی اجازت دی تھی ۔

سپریم کورٹ نے  گواہان پر بیان کے فوری بعد جرح کرنے کا ڈسٹرکٹ کورٹ کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا تھا۔

عدالت نے علی ظفر کے وکیل کو ایک ہفتے میں گواہوں کے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا تھا اور میشا شفیع کے وکیل نے گواہان پر جرح کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا تھا۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہاتھا کہ میشا شفیع کے وکیل گواہان پر جرح کی تیاری 7 روز میں مکمل کریں۔ تیاری کے بعد ایک ہی روز گواہان پر جرح مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں