’خیبرپختونخوا حکومت کا لاوارث ہیلی کاپٹر‘


پشاور: ایک برس قبل مرمتی کے لیے روس بھیجا گیا خیبر پختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر ابھی تک واپس نہیں آ سکا، ستم ظریفی یہ ہے کہ کئی وزراء اور اعلیٰ حکام بھی اس معاملے سے بے خبر نکلے۔

ہم نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق 2018 میں خیبرپختونخوا حکومت کے زیراستعمال ہیلی کاپٹر اوورہالنگ کے لیے روس بجھوایا گیا جو ابھی تک وہیں موجود ہے۔

ایم آئی 171 ای ماڈل ہیلی کاپٹر کے بیشتر پرزے 2018 میں اپنی عمر پوری کر گئے تھے، حکومت کی جانب سے ٹینڈر حاصل کرنے والی کمپنی کے ساتھ 140 دن میں اوور ہالنگ مکمل کر کے اسے واپس لانے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

دستاویزات کے مطابق اوورہالنگ کے لیے 3 ملین ڈالر کی نیلامی موصول ہونے پر روسی کمپنی کو براہ راست ایک اعشاریہ سات ملین ڈالر میں ٹھیکہ دیا گیا۔۔ لاپتہ ہیلی کاپٹر کے حوالے سے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر روس میں موجود ہے، رقم کی منتقلی میں تاخیر کے باعث تاحال اسے واپس نہیں لایا جا سکا۔

ہم نیوز کے رابطہ کرنے پر وزیراطلاعات نے بتایا کہ وہ معاملے کی مکمل معلومات لے کر اگاہ کر سکتے ہیں۔۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر منتقلی میں تاخیر پر وزیراعلی محمود خان نے سیکرٹری ایڈمنسٹریشن سے باز پرس بھی کی ہے۔ سیکرٹری نے صورتحال کا پتہ لگانے کے لئے وزیراعلی سے وقت مانگ لیا یے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے سنئر وزیر عاطف خان نے بھی لاپتہ ہیلی کاپٹر معاملہ سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ہیلی کاپٹر کیس:وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحقیقات بند


متعلقہ خبریں