قومی ٹیم کی کٹ 92 کے عالمی کپ سے کتنی مختلف؟

قومی ٹیم کی ورلڈکپ کٹ کی رونمائی

فوٹو: پی سی بی


لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ کٹ کی رونمائی کر دی۔

پی سی بی کی جانب سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی قومی ٹیم کی کٹ شیئر کی گئی ہے۔ جس میں کٹ کا رنگ گہرا سبز ہے جبکہ درمیان میں ہلکے سبز رنگ کی ٹیاں شامل ہیں۔ کٹ کے بائیں جانب ستارہ اور دائیں جانب ورلڈ کپ کا لوگو ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ شرٹ پر کھلاڑیوں کے نام سفید رنگ سے لکھے گئے ہیں۔

عالمی کپ 1992 میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ بہت نمایاں تھی جسے عالمی سطح پر بھی پسند کیا گیا تھا۔ 92 کے ورلڈکپ میں موجودہ وزیر اعظم عمران خان ہی ٹیم کے کپتان تھے اور ان کی قیادت میں ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔

92 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ میں ہلکا سبز، لال، نیلا اور سفید رنگ شامل تھا جبکہ موجودہ کٹ میں گہرا سبز اور پیلا رنگ شامل ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں تبدیلیاں لانے کے لیے بھی پی سی بی کی جانب سے نئی پریزنٹیشن تیار کر لی گئی۔ ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے وزیراعظم کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے نیا ڈومیسٹک سسٹم تیار کیا ہے جس کا اطلاق پی سی بی جلد از جلد کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں محمد عامر، وہاب ریاض، آصف علی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے جائزہ لینے کے بعد ڈومیسٹک سسٹم پر نیا پلان وزیر اعظم عمران خان کو پیش کیا جائے گا اور اس نئے نظام میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور فیڈرل ایریاز کی ایسوسی ایشنز بھی بنیں گی۔ جن کے صدور کا انتخاب علاقائی ایسوسی ایشنز کو کرنا ہو گا۔

چھ ٹیموں کا صوبائی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کرایا جائے گا جن میں پنجاب کی دو ٹیمیں ہوں گی جبکہ نچلی سطح کے ٹورنامنٹ میں کراچی اور لاہور جیسے ناموں سے شہروں کی ٹیمیں کھلانے کا منصوبہ ہے۔ منصوبہ کے مطابق ہر ایسوسی ایشن کا ایک ڈیپارٹمنٹ اسپانسر ہو گا۔


متعلقہ خبریں