امریکہ اور چین کی رسہ کشی نے ’لاہور‘ کی حفاظت داؤ پر لگادی

امریکہ اور چین کی رسہ کشی نے ’لاہور‘ کی حفاظت داؤ پر لگادی

لاہور: امریکہ اور چین کے درمیان ہونے والی رسہ کشی نے صوبہ پنجاب کی حفاظت داؤ پر لگادی۔ گوگل کی جانب سے ہواوے کمپنی پرعائد کی جانے والی پابندی کے باعث پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے حکام نے سر جوڑ لیے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے بیشتر سیکیورٹی آلات ہواوے کمپنی کے ہیں۔ سیف سٹی اتھارٹی نے ٹیلی کمیونی کیشن آلات کی فراہمی کا ٹھیکہ ہواوے کمپنی کو دیا تھا۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق ہواوے کمپنی سیف سٹی اتھارٹی کے آلات کی درستگی اور مرمت کی بھی ذمہ دار ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ دو عالمی طاقتوں کے مابین جاری رسہ کشی کے فوری بعد سیف سٹی اتھارٹی کے حکام نے ہواوے کمپنی کے عہدیداران سے رابطہ قائم کیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ابھی تک اتھارٹی کے نصب آلات میں کسی طرح کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا ہے لیکن اندرون خانہ یہ خیال موجود ہے کہ آئندہ مستقبل میں سیکیورٹی کے ضمن میں مسائل درپیش آسکتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق موجود معاہدے کے تحت ہواوے کمپنی سیف سٹی اتھارٹی کو تیکنیکی سپورٹ فراہم کرنے کی ذمہ دار  اور مجاز ہے۔ معاہدے کے تحت بوقت ضرورت آلات کی تبدیلی یا مرمت بھی اسی کی ذمہ داری ہے۔

سیف سٹی اتھارٹٰی کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق سب سے کم بولی کے باعث ہواوے کمپنی نے سیف سٹی اتھارٹی کا اوپن کنٹریکٹ (معاہدہ) حاصل کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق جاری معاہدے کی مدت مکمل ہونے پر سیف سٹی اتھارٹی دوبارہ سے اوپن بڈ (کھلی بولی) کے لیے اشتہار دے گی۔


متعلقہ خبریں