پولینڈ فوج کے سربراہ کی آرمی چیف سے ملاقات

پولینڈ فوج کے سربراہ کی آرمی چیف سے ملاقات

فوٹو: ہم نیوز


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولش مسلح افواج سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جاروسلاوف میکا نے ملاقات کی ہے جس میں سیکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق  پولش کمانڈر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے کردار کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔

دونوں سربراہان نے دفاع، تربیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

قبل ازیں پولینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جاروسلاوف میکا نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ جاروسلاوف میکا نے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

پولینڈ کی مسلح افواج کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور زیرِ بحث آئے۔

جاروسلاوف میکا نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے ابتدائی دور میں اس کی تعمیر و ترقی اور جدیدیت میں پولش افسران کے کلیدی کردار کو سراہا۔

دونوں معزز شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پرزور دیا۔


متعلقہ خبریں