‘منافع خوری کے لیے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی بڑا گناہ’


اسلام آباد: مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ منافع خوری کے لیے ڈالر ذخیرہ کرنا بڑا گناہ ہے اور  ذخیرہ اندوزوں کو حدیث میں ملعون کہا گیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ہم قومی سطح پر گناہ گار ہیں، سب کو معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے دعا مانگنی چاہیے، ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے۔

اس وقت ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے، خواجہ آصف

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے جبکہ حکومت ہر سطح ہر غلط بیانی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم ہر چیز سے لاعلم ہے، اس وقت بے انتہا جھوٹ بولا جارہا ہے۔

حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نہیں ہے جبکہ عمران خان جن چیزوں پر سیاست کرتے رہے تھے وہ سب ناکام ہوگئیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ، ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی

انہوں نے کہا کہ حکومت کی باہر سے 200 ارب ڈالرز لانے کی بات بھی جھوٹ ثابت ہوئی اور معلوم نہیں حفیظ شیخ حکومت میں کیسے شامل ہوگئے۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ خود احتسابی بہت ضروری ہے کیونکہ غلطیاں ہر کسی سے ہوتی ہیں۔

شہباز شریف کی واپسی سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ میرے خیال سے شہباز شریف کو عید کے بعد واپس آجانا چاہیئے، اگر مریم بطور لیڈر سامنے آتی ہیں تو یہ اچھی بات ہے کیونکہ ہمیں اب قیادت نئی نسل کے ہاتھوں کو دے دینی چاہیئے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ حمزہ شہباز کو نظرانداز کیا جارہا ہے، حمزہ کا اپنا کردار ہے جسے آپ نظر انداز نہیں کرسکتے۔

معاشی صورتحال سے متعلق انہوں نے کہا کہ ڈالر مزید بڑھے گا اورمعیشت کا بہتر ہونا مشکل ہے، موجودہ حکومت کو اس کا تکبر لے ڈوبا ہے۔


متعلقہ خبریں