باغیوں کا مکہ کی طرف میزائل فائر، پاکستان کی مذمت

فائل فوٹو


اسلام آباد: حکومت پاکستان نے حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ کی طرف میزائل فائر کرنے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے منگل کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں سعودی فوج کی طرف سے میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کو سراہا گیا۔ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ سعودی ٹی وی کی ویب سائیٹ نے سوموار کے روز خبر دی تھی کہ سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورس نے مکہ مکرمہ اور جدہ کی طرف آنے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا ہے۔

العربیہ کے مطابق ایک میزائل کو، جس کا ہدف مکہ مکرمہ تھا، سعودی شہر طائف کی فضائی حدود میں جبکہ دوسرا میزائل جدہ کی فضائی حدود میں تباہ ہوا۔

حوثی باغیوں نے سعودی ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش نہیں گئی۔ سعودی عرب کی طرف سے بے بنیاد خبریں پھیلانے کا مقصد یمن میں جاری بہیمانہ جارحیت کے حق میں حمایت حاصل کرنا ہے۔

خیال رہے کہ حوثی باغی یمن میں جاری جنگ کے ایک فریق ہیں اور مبینہ طور پر ان کو ایران کی مدد حاصل ہے۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب کی تیل پائپ لائن اور دو پمپنگ اسٹیشون پر ڈرون  حملے ہوئے تھے جن کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی تھی۔ قبل ازیں خلیج اومان میں چار تیل بردار جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جن میں دو سعودی عرب کے تھے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی تمام کارروائیاں حوثی باغیوں نے ایران کی ایما پر کی ہیں لیکن سوموار کے روز جو دو میزائل فضا میں ناکارہ بنائے گئے ان پر سعودی حکومت نے باضابطہ رد عمل نہیں دیا۔


متعلقہ خبریں