فرشتہ قتل کیس: ’ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے مقتول فرشتہ کے ساتھ زیادتی کے واقعہ سے متعلق آج کابینہ اجلاس میں بھی بات ہوئی تھی اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ایسے تمام مجرموں کو قرآن کے مطابق سزا دی جانے چاہیے تاکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ این جی اوز کی ایما پر کسی قسم کی قانون سازی نہیں کی جاسکتی ہے۔

مزید پڑھیں: فرشتہ قتل کیس: مظاہرین اور انتظامیہ میں مذاکرات کامیاب

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے پر پولیس نے جو کوتاہی کی ہے اس پر پولیس اہلکار کو معطل کرنا حل نہیں ہے، ملک میں قوانین پہلے بھی موجود ہیں، لیکن ان پر عمل نہیں کیا جاتا۔

بچوں کے حقوق پر کام کرنے والی تنظیم چائلڈز رائٹس موومنٹ کی ممبر حبیبہ سلمان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہاں پر جنگل کا قانون نافذ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے اس معاملے پر اس لیے ایکشن نہیں لیا کیونکہ ان کے مطابق بچی اپنی مرضی سے گئی تھی لیکن یہاں بھی ریاست ہی کی زمہ داری ہے کہ گھر سے چلے جانے والے بچوں کا خیال کریں۔

’معیشت شدید دباؤ میں ہے‘

معروف سرمایہ کار اور عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈالر اور روپے کے معاملے کو ٹھیک طرح سے سنبھال نہیں پارہی اور اس وجہ سے ملک میں پہلے ہی مہنگائی ہے جس میں مزید بھی اضافہ ہوگا۔

عارف حبیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ’مینیج فلوٹ سسٹم‘ رہا ہے اور اس ہی سسٹم کو ہم سنبھال سکتے ہیں، کرنسی کو ’فری فلوٹ‘ کرنا معیشت کیلئے بہتر نہیں ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ روپے کا فری فال ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا جس کی وجہ سے کاسٹ آف لونگ بھی بڑھے گی اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں